Wednesday, 2 November 2022

پہلی کمائی ڈھائی روپے

 پہلی کمائی ڈھائی روپے   

میری پہلی کمائی مبلغ ڈھائی روپے تھی۔ یہ یک ہندسی رقم چھ ہندسی رقم کو بھی کیسے بہت پیچھے چھوڑ گئی، یہ جاننے کے لئے اس دلچسپ مضمون کو آخر تک پڑھئے اور اپنی موجودہ قلیل آمدن سے نالاں رہنے کی بجائے لگن، محنت اور منصوبہ بندی سے آگے بڑھتے جائیے۔ تاکہ ایک دن آپ بھی ان شاء اللہ یہ کہنے کے قابل ہوجائیں کہ میری پہلی کمائی تو بہت قلیل تھی مگر الحمد آج قابل رشک ہے۔ 

سوشیل میڈیا پر جب اپنی اپنی پہلی کمائی یا پہلی تنخواہ بتانے کا سلسلہ چلا تو راقم نے بھی لکھا کہ میری پہلی کمائی مبلغ ڈھائی روپے (دوگنے جس کے پورے پانچ روپے سکہ رائج الوقت بنتے ہیں) نصف ماہ کی ٹیوشن فیس کے طور پر 1972ء میں مجھے اس وقت ملی تھی جب میں خود نویں جماعت کا طالب علم تھا۔ تب پاک بحریہ کراچی کے ایک اسکول میں میری ماہانہ فیس صرف چھ روپے تھی۔ گویا ٹیوشن پڑھانے کے عوض میری پہلی ماہانہ تنخواہ میٹرک میں میرے پڑھنے کی ماہانہ فیس کے لگ بھگ مساوی ہی تھی۔ ٹیوشن سے کمائی کا یہ سلسلہ ایم ایس سی کی تعلیم (1980ء) تک جاری رہا۔ بچوں کو ٹیوشن پڑھا پڑھا کر حاصل شدہ آمدن سے خود پڑھتا بھی رہا اور گھر کے اخراجات میں معاونت بھی کرتا رہا۔ اپنی آمدنی دوسروں پر خرچ کرنے کا یہ سلسلہ آخری آمدنی تک جاری رہا۔ یوں میری آمدنی میں محاورتاََ نہیں بلکہ حقیقتاََدن میں دوگنا اور رات میں چوگنا اضافہ ہوتا رہا، الحمدللہ۔ یاد رکھئے! اگر آپ اپنی کمائی صرف اپنے آپ پر خرچ کریں گے تو آپ کی آمدنی میں نہ قابل ذکر اضافہ ہوگا اور نہ ہی اس میں کوئی برکت ہوگی۔پڑھنے اور پڑھانے یعنی ٹیوشن اور تعلیم کا یہ سلسلہ 1981ء میں اچانک اس وقت چھوٹ گیا جب مجھے کراچی سے بہت دور سندھ کے آخری اسٹیشن، آخری شہر ڈھرکی میں ایک امریکن کثیر القومی ادارہ میں پہلی باقاعدہ ملازمت ملی۔ یہاں مجھے پہلی باقاعدہ تنخواہ مبلغ چھ سو چالیس روپے ملی تھی۔ انٹر نیٹ کے گوگل سرچ انجن نے بتلایا ہے کہ تب اتنے پیسوں میں تین اعشاریہ نو گرام سونا مل جایا کرتا تھا۔ آج اتنا ہی سونا تقریباََ نصف لاکھ روپے میں ملتا ہے۔

اردو کے بیشتر بڑے قومی اخبارات و جرائد میں بطور فری لانس رائٹر لکھنے لکھانے کا سلسلہ تو آج سے تقریباََنصف صدی قبل کالج کی تعلیم کے دوران ہی شروع کردیا تھا۔ چونکہ پاکستان میں فری لانس رائٹر کا مطلب بالعموم مفت میں لکھنے والا لیا جاتا ہے اس لئے کسی اخبار یا جریدہ نے ہمارے کسی مطبوعہ مضمون کا کوئی معاوضہ دینے کا کبھی نہیں سوچا۔ البتہ ریڈیو پاکستان کراچی کے بزم طلباء پروگرام میں پانچ منٹ دورانیہ کے اپنے ہی تحریر کردہ مزاحیہ مضمون کو اپنی ہی زبانی پیش کرنے پر ہمیں مبلغ بیس روپے کا چیک ملا کرتا تھا جو اکثر تاخیر سے ہی ملتا تھا۔ اس تاخیر کا ایک فائدہ آج تک یاد ہے کہ 1979ء میں ایک مرتبہ جب بیس بیس روپے کے پانچ چیک یعنی ایک ساتھ ایک سو روپے ملے تو محاورہ کے ساتھ ساتھ حقیقت میں بھی ہماری عید ہوگئی تھی کہ یہ سارے چیک رمضان کے مہینے میں ملے تھے اور ہم نے دل کھول کر عید کی شاپنگ کی تھی۔ اخبارات و جرائد میں چھپنے والے مضامین کی پہلی کمائی کوئی دس برس قبل ایک جریدہ سے مبلغ تین سو روپے بذریعہ منی آرڈر ملی تھی، جو اس نوعیت کی اب تک کی آخری کمائی بھی ہے۔ واضح رہے کہ ہمارے ہاں اخبارات و جرائد میں لکھنے کا معاوضہ تبھی ملتا ہے جب آپ پیشگی معاہدہ کرکے کسی اخبار یا رسالے میں لکھیں۔ ہمارے بہت سے لکھاری ایسا معاہدہ کرکے اچھا خاصاکماتے ہیں۔ ہمارے ایک سینئر ساتھی لکھاری تو بیک وقت تیس پینتیس جریدوں میں معاہدہ کے تحت لکھا کرتے تھے اور اچھا خاصا کماتے تھے۔

باقاعدہ صحافت کی پہلی کمائی ایک نیوز ہفت روزہ میں 1985ء میں مبلغ آٹھ سو روپے ملی تھی۔ صحافت کی اس پہلی تنخواہ سے تب ہم نے ایک سفاری سوٹ سلوایا تھا۔ اس کے بعد اس ہفت روزہ میں دوسری کوئی تنخواہ نہ ملی تو بغیر تنخواہ کے ایک دوسرے ہفت روزہ میگزین میں کام کرنے لگا۔ جہاں کئی سال تک شوق صحافت میں رپورٹنگ، سب ایڈیٹنگ، اداریہ نویسی، کالم نویسی پروف ریڈنگ حتی کہ کاپی پیسٹنگ میں معاونت تک "مفت تنخواہ" پرانجام دیتا رہا۔پی پی آئی نیوز ایجنسی میں بطور جزوقتی سب ایڈیٹر کی پہلی تنخواہ 1988ء میں مبلغ بارہ سو روپے اور 1994ء کے وسط میں کراچی کے ایک بڑے معروف اردو اخبار کے لندن ڈیسک پر کل وقتی سب ایڈیٹر کی پہلی تنخواہ ساڑھے پانچ ہزار روپے ملی تھی۔ دلچسپ بات یہ کہ ادارہ کی پہلی تحریری پیشکش پانچ ہزار روپے ماہانہ کی ملی تواس پیشکش کو بوجوہ مسترد کردیا تھا۔تب دوسری تحریری پیشکش ساڑھے پانچ ہزار روپے کی ملی جسے قبول کرلیا تھا۔ اخبارات کی ملازمت کے شرائط سے شاکی اخبار نویسوں کے لئے شاید یہ ایک انوکھا اور ناقابل یقین واقعہ ہو، مگر حقیقت میں ایسا ہی ہوا تھا۔کراچی کے شام کے ایک قومی اخبار میں کوئی تنخواہ نہیں ملی تھی۔ اس لئے کہ وہاں بعد از جوائننگ کام کرنے کے دوران کوئی خاص لفٹ یا توجہ نہ ملنے پر پہلے ماہ ہی کام کرنا چھوڑ دیا تھا۔ تب تک اس بات سے آگہی نہ تھی کہ جہاں پگڑی اچھلتی ہے، اسے مئے خانہ ہی نہیں بلکہ صحافت کا خانہ بھی کہتے ہیں۔ لاہور کے ایک معروف اخبار کے کراچی ایڈیشن اور عرب نیوز اردو کے کراچی ڈیسک پر یکے بعد دیگرے منتخب ہونے کے باوجود کسی پہلی تنخواہ کی نوبت ہی نہیں آئی۔ اس لئے کہ انتظامیہ اور اس احقر کے درمیان ابتدا ہی میں ایک چھوٹا سا "تنازعہ" پیدا ہوگیا تھا۔ انتظامیہ کا اصرار تھا کہ آپ کام شروع کردیں، اپوائنٹ منٹ لیٹر لاہور اور سعودیہ سے بعد میں آتا رہے گا۔ جبکہ میرا کہنا تھا کہ پہلے اپوائنٹ منٹ لیٹر منگوا لیجئے۔ کام تو پھر ہوتا ہی رہے گا۔ تب تک مجھے صحافتی اداروں میں بلا اپوائنٹ منٹ لیٹر کام کروانے کی روایت سے بخوبی آگہی ہوچکی تھی۔

انگریزی روزنامہ ڈان کے اردو اخبار حریت میں ہماری رہائشی کالونی کے بارے میں ایک مکمل صفحہ کا  فیچر اس احقر کے تصویری ذکر خیر کے ساتھ چھپا تو فیچر کا مرکزی کردار ہونے کی وجہ سے اخبار کی انتظامیہ نے میرے لئے تین سو کاپیاں بھیج دیں۔ چنانچہ پہلے قرض لے کر اخبار لانے والے کو ادائیگی کی اور پھر سائکل پر دن بھر میں سارا اخبار بیچ ڈالا۔ یوں ساٹھ پیسے میں ہول سیل پر خریدا گیا اخبار ایک ایک روپے میں فروخت کرکے ایک سو بیس روپے خالص منافع کمایا۔ اسے اخبار فروشی یا ذاتی بزنس کی پہلی کمائی سمجھ لیجئے۔جب بطور پبلشر ایڈیٹر علمی و ادبی خبروں کے فروغ کے لئے اخباری سائز پر" اخبار ادب" شائع کرنا شروع کیا تو یہ اخبار مقدس بھاری پتھر جیسا لگا، چنانچہ اسے چوم کر چھوڑ دیا۔ کیونکہ جلد ہی یہ احساس ہوگیا تھا کہ اخبار ادب سے علم و ادب کا فروغ ہو یا نہ ہو لیکن یہ ہمارے بچوں کے حصہ کا رزق ضرور کھاجائے گا۔یہ ہمارے اس درست فیصلہ ہی کا نتیجہ تھا کہ ہمارے چاروں بچے شہر کے بہترین جامعات سے انجینئرنگ، میڈیسن اور فائنانس میں گریجویٹ ہونے کے ساتھ ہی شہر کے پوش علاقوں میں اپنی اپنی ذاتی الگ الگ رہائش حاصل کرکے عملی زندگی میں شامل ہوپائے اور ہم نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی اس ہدایت پر عمل کرنے میں اپنی استطاعت کی حد تک کامیاب رہے کہ اپنی اولاد کو محتاج اور تنگ دست چھوڑ جانے سے بہتر ہے کہ انہیں معاشی طور پرخوشحال بنا دیا جائے۔ صحافتی زندگی میں بظاہر ہم نے کمایا کم اور گنوایا زیادہ لیکن اس دشت کی سیاحی میں قلم چلانے کا جو ہنر ملا، اسی ہنر نے ادب و صحافت کی دو کتب کے علاوہ قرآن و سنت پر مبنی سات کتب تالیف کرنے اور شائع کرنے میں ہماری بھر پور مدد کی۔ان دینی کتب کی درجن بھر سے زائد ایڈیشن کا یہ صدقہ جاریہ ان شاء اللہ ہمارے لئے توشہ آخرت بنے گا۔ الحمد للہ ہم اپنی اسی" اصل کمائی" کو کرنسیوں والی ذیل کی قابل رشک کمائیوں سے بدرجہا بہتر سمجھتے ہیں۔ 

کراچی کے ایک سرکاری ادارہ میں بطور سرکاری افسر 1986ء کے وسط میں پہلی تنخواہ غالبا سترہ سو روپے ملی تو سرکاری افسری والی کرسی پر جھولا جھولتے ہوئے اس نئے نئے سرکاری افسر نے بڑی شان بے نیازی سے کہا تھا:

دو پشت سے ہے پیشہ آباء کلرکی 

کچھ افسری ذریعہ عزت نہیں مجھے 

 اس افسری والی نوکری کے لئے میں نے اس سے تقریبا دوگنی تنخواہ والی ایک برطانوی کمپنی کی غیر افسری کی نوکری چھوڑ دی تھی اور یہ فیصلہ میرے کیریئر میں بعد ازاں بہت مفید ثابت ہوا تھا۔ گو کہ نوکری چھوڑتے وقت ادارہ کے (دو) بڑے بڑے افسروں نے مجھے چھوٹا موٹا افسر بنانے کی زبانی حامی بھر لی تھی۔ تاہم میرا اصرار تھا کہ تحریری پیشکش جائے تو کچھ بات بنے۔ سرکاری افسری والی نوکری میں میرے ماتحت سرکاری ملازمین کی تعداد ماشاء اللہ چھبیس کے قریب تھی۔ یہاں میرے متعدد ماتحت موٹر سائکل پر اپنی مرضی سے جبکہ میں عوامی بس میں بے بس ہو کر ڈیوٹی پر آیا کرتا تھا۔تقریباََچار دہائیوں پر مشتمل دو قومی اور چھ کثیر القومی صنعتی اداروں میں بطور کیمیا دان (کیمیکل سائنٹسٹ) کام کرتے رہنے کے بعد اس شعبہ سے تین سال قبل ہی ریٹائرڈ ہوا ہوں۔ اسی دوران احقر کو بیرون ملک بھی کام کرنے کا موقع ملا تو 1990ء کے اواخر میں سعودی آرامکو میں میری پہلی تنخواہ تین ہزار ریال (آج کے پونے دو لاکھ روپے سے زائد) تھی۔

گو کہ یہ سلسلہ پہلی کمائی یا پہلی تنخواہ کے ذکر کا ہے۔لیکن چونکہ مجھے متعدد اور متنوع پہلی تنخواہیں ملتی رہی ہیں، اس لئے ان سب کا الگ الگ ذکر کر دیا ہے تاکہ ریکارڈ پر رہے اور بوقت ضرورت، ضرورت مند قارئین کے کام آسکے۔ واضح رہے کہ اس تحریر کا میں خود بھی ایک قاری ہوں۔چونکہ میری تنخواہوں کا سلسلہ اختتام پذیر ہوچکا ہے، اس لئے اس سلسلہ کے آخر میں آخری تنخواہ کا ذکر کرنا یقینا قارئین کے لئے دلچسپی کا حامل ہوگا۔ جس رقم کا آغاز کوئی نصف صدی قبل سنگل ہندسہ یعنی پانچ روپے ماہانہ سے ہوا تھا، 2019ء کے وسط تک بوقت ریٹائرمنٹ یہ رقم چھ ہندسوں کو واضح طور پر عبور کرچکی تھی۔ لیکن ٹھہرئیے! چھ ہندسوں پر مبنی یہ رقم تنخواہ ضرور تھی لیکن میری نہیں بلکہ انکم ٹیکس محکمہ کے اس سرکاری اہلکار کیلئے تھی، جو وہ میری تنخواہ سے بطور انکم ٹیکس ہر ماہ پیشگی کاٹ لیا کرتا تھا۔ یوں محض ڈھائی روپے کی پہلی کمائی سے شروع ہونے والا میرا سینتالیس سالہ کمائی کا یہ سفر مقروض مملکت اسلامی جمہوریہ پاکستان کے قومی خزانہ کو ماہانہ سوا لاکھ روپے تک کی مستقل ادائیگی کرتے رہنے پر اختتام پذیر ہوا، شکر الحمدللہ۔ 

دنیا میں ہر فرد کمانا بلکہ زیادہ سے زیادہ کمانا چاہتا ہے۔ بیشتر لوگ اسی لئے رسمی تعلیم، اعلی تعلیم اور پیشہ ورانہ تعلیم حاصل کرتے ہیں بلکہ معمول کی تعلیم کے بعد بھی پیشہ ورانہ کورسز اور تربیت کے حصول کیلئے کوشاں رہتے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ کماسکیں۔ گو زیادہ سے زیادہ کمانے کی کاوش کرنا کوئی بری بات نہیں ہے۔ لیکن میرے خیال میں کمانے سے زیادہ اہم خرچ کرنے کا ہنر آنا چاہئے۔کیونکہ عام طور سے لوگ کمانا تو سیکھ ہی لیتے ہیں لیکن خرچ کرنے کے آرٹ اور ہنر سے یکسرناواقف ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ بہت سے لوگ بہت زیادہ کمالینے کے باوجود آخری عمر میں مفلسی کی زندگی گزارنے والے دوسروں پر الزام دھرتے نظر آتے ہیں۔ جیسے ایک کثیر القومی بنک کی لندن برانچ میں منیجر کی سطح تک کام کرکے کمانے والی ایک اعلی تعلیم یافتہ خاتون آخری عمر میں بے گھر ہوکر ایک معمولی پرانی کار کے اندر زندگی کے روز و شب گزارنے پر مجبور ہو گئی تھی۔ انہوں نے کمانا بلکہ بہترین تو سیکھ لیا تھا لیکن اپنی کمائی کو خرچ کرنے کے آرٹ سے ناواقف ہونے کے سبب ہی اس خستہ حالی کو پہنچیں۔ میں نے ایک مرتبہ لکھا تھا کہ آپ کی تجوری میں موجود روپیہ اور بنک بیلنس کی وقعت کاغذی ٹکڑوں اور چند ہندسوں کے سوا کچھ نہیں۔ یہ "دولت" اس وقت بنتے ہیں، جب آپ انہیں کسی مادی چیز جیسے سونے جواہرات، جائیداد، فیکٹریز، دکان یا کاروبار وغیرہ میں تبدیل کرلیتے ہیں۔ مثلاََ ایک صاحب کو ریٹائرمنٹ پر ایکس ملین روپے ملے تو انہوں نے اپنے بیٹے کی شادی بھی کی، دو تین سال تک کھاتے پیتے بھی پیتے رہے۔ اس کے باوجود اس وقت ان کے پاس ایکس پلس ملین مالیت کی "دولت" موجود ہے۔ کیونکہ انہوں نے ریٹائرمنٹ پر ملنے والی رقم کو کاغذی ٹکڑوں یا بنک بیلنس کے ہندسوں میں "غیر محفوظ" کرکے نہیں رکھا تھا۔

 میرے احباب اکثر پوچھتے رہتے ہیں کہ ریٹائرمنٹ کے بعد آپ کیا کر رہے ہیں؟ جواباََکہتا ہوں کہ کچھ بھی تو نہیں۔ کیونکہ اب تو میرا بیشتر وقت صرف کاغذ قلم سے یا کی بورڈ اور اسکرین سے لکھنے پڑھنے، تصنیف و تالیف میں گزرتا ہے۔ اور جس کام سے روپے پیسے کی مد میں کوئی آمدنی نہ ہورہی ہو، اسے دوست احباب کام ہی نہیں سمجھتے۔ چنانچہ آج کل "ویلا" ہوں اور زندگی کا" ویلا پن" خوب خوب انجوائے کررہا ہوں، شکر الحمد للہ۔

***


No comments:

Post a Comment